اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تہران میں اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں، چینی وزیر خارجہ کے دورۂ تہران پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ گذشتہ ڈیڑھ سال کے دوران، اسلامی جمہوریہ ایران اور چین کے سربراہوں کے درمیان متعدد ملاقاتیں انجام پائی ہيں اور آئندہ چند دنوں میں چین کے صدر بھی تہران کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ڈیڑھ برس میں دونوں ملکوں کے اعلی رتبہ حکام نے ایک دوسرے کے ملکوں کے کئی دورے انجام دیئے ہیں جو اس بات کی علامت ہیں کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ طویل المدت اور اسٹریٹجک تعلقات کے قائل ہیں۔ جواد ظریف نے کہا کہ ہم نے ڈھائی گھنٹے تک چینی وزیر خارجہ سے ملاقات میں ایٹمی معاملات سمیت، دوطرفہ اور بین الاقوامی مسائل اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا۔ ظریف نے اس اطمئنان کا اظہار کیا کہ ایک دوسرے کی معیشت میں دونوں ملکوں کا باہمی تعاون دونوں ملکوں کے مفادات اور قوموں کے لئے انتہائی سودمند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ملاقات میں پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی، صنعت، اقتصاد، اور دیگر شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا۔ وزیر خارجہ ایران نے کہا کہ آج کی ملاقات میں ہم نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات کے بارے میں بھی تفصیل سے بات چیت کی۔ چین، گروپ پانچ جمع ایک کا اہم اور بنیادی رکن ہے اور اس سے اہم بات یہ ہے کہ چین ہمارا دوست ملک ہے اور ہمیں امید ہے کہ ایٹمی مسئلے کے حل میں چین بھرپور کردار ادا کرے گا۔
.......
/169